نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ کے بیشتر علاقوں میں آندھی کے ساتھ موسلادھار بارش کا الرٹ جاری کردیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق سندھ کے مختلف اضلاع میں اگلے 48 گھنٹوں کے دوران موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے بتایاکہ کراچی، حیدرآباد، سکھر، تھرپارکر، بدین، عمرکوٹ سمیت دیگر اضلاع میں شدید بارش کی پیش گوئی ہے جبکہ اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، میانوالی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق چترال، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، پشاور، بنوں، وزیرستان میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے ہدایت کی کہ شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے لہٰذا سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے دوچار علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔