کوئٹہ ژوب شاہراہ پر ٹویٹا گاڑی کو حادثہ 1 جاں بحق 1 زخمی، حادثے والی گاڑی سے اسمگل شدہ سگریٹ برآمد
زیارت کراس کوئٹہ ژوب شاہراہ پر زیارت کراس کے قریب تیز رفتار ٹویوٹا ٹوڈی گاڑی الٹنے سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔ حادثے کے بعد گاڑی میں لوڈ غیر قانونی غیر ملکی سگریٹ سڑک پر بکھر گئے، جس کے بعد کسٹم اور لیویز اہلکاروں کی دوڑیں لگ گئیں۔
ذرائع کے مطابق گاڑی زیارت کراس سے گزر کر قلعہ سیف اللہ کی جانب جا رہی تھی، اور اس پر غیر قانونی طور پر غیر ملکی سگریٹ اسمگل کیے جا رہے تھے۔ گاڑی کی تلاشی کے بعد یہ انکشاف ہوا کہ یہ اسمگلنگ کی کوشش کسٹم چیکنگ سے بچنے کی غرض سے کی جا رہی تھی۔
حادثے کے مقام پر موجود کسٹم حکام اور لیویز فورس نے سگریٹ ضبط کر لیے جبکہ زخمی کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جاں بحق شخص کی لاش بھی ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کی جا رہی ہے۔