کوئٹہ : چالو باؤڑی میں ہوائی فائرنگ کی اندھی گولی سے زخمی ہونے والی 7 سالہ بچی کراچی میں دم توڑ گئی، لواحقین غم سے نڈھال
کوئٹہ: گزشتہ جمعہ کی شب چالو باؤڑی کے علاقے میں ہونے والی ہوائی فائرنگ کے دوران ایک اندھی گولی 7 سالہ معصوم بچی کو جا لگی۔ زخمی بچی کو فوری طور پر کوئٹہ کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا، تاہم تشویشناک حالت کے پیش نظر تین دن بعد اسے علاج کے لیے کراچی لے جایا گیا۔ افسوسناک طور پر بچی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے کراچی میں دم توڑ گئی
یہ افسوسناک واقعہ معاشرے میں ہوائی فائرنگ جیسے خطرناک اور غیرذمہ دارانہ عمل کے مہلک نتائج کی ایک اور مثال ہے۔ معصوم جانوں کا یوں ضیاع نہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے لمحۂ فکریہ ہے بلکہ پوری سوسائٹی کو جھنجھوڑ دینے والا المیہ ہے
غمزدہ خاندان انصاف کا متلاشی ہے، جب کہ علاقہ مکینوں اور سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ ایسے سانحات سے بچا جا سکے
ساتھ ہی شہریوں، علمائے کرام، اساتذہ اور والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ معاشرتی سطح پر اس خطرناک رَوش کے خلاف آواز بلند کریں اور ہوائی فائرنگ کے خطرات سے نوجوان نسل کو آگاہ کیا جائے، تاکہ مزید قیمتی جانیں ضائع نہ ہوں