کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس میں 2 خواتین سمیت 5 ملزمان نے شو روم مالک کے گھر کا صفایا کردیا، ملزمان ایف آئی اے حکام کے یونیفارم میں تاجر کے گھر پہنچے اور 13کروڑ روپے نقدی اور دیگر قیمتی سامان لے اڑے۔
پولیس نے واردات کا مقدمہ شوروم مالک سالک کی مدعیت میں درج کرکے 2 خواتین سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے جن کا عدالت سے ایک روزکا ریمانڈ بھی حاصل کرلیاگیا ہے۔
مقدمہ کے متن کے مطابق 26 جون کو رات ساڑھے 3 بجے مدعی گھر کے سامنے کار پارک کر رہا تھا کہ اسی دوران 2 مرد اور 3 برقعہ پوش خواتین سیاہ رنگ کی ریوو کار میں آئے۔
ایک شخص نے ایف آئی اے حکام سے ملتے جلتےکپڑے پہنے ہوئے تھے اور قمیض پر ایف آئی اے کا مونوگرام بھی چسپاں تھا۔
مقدمے کے متن کے مطابق ملزمان اسلحےکے زور پر گھر کے اندر داخل ہوئے اور الماری سے 13کروڑ روپے نکال کر بیگز میں بھردیے، ملزمان کمرے سے 20 گھڑیاں، ایک اسمارٹ واچ، 25 قیمتی پرفیوم، 9 موبائل فونز اور 2 لیپ ٹاپ بھی ساتھ لے گئے۔
پولیس کے مطابق واردات میں ملوث دیگر 2 ملزمان کی تلاش جاری ہے۔