پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں، را کے 10 ایجنٹس گرفتار

پاکستانی سیکیورٹی اداروں نے سندھ اور پنجاب سے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے 10 ایجنٹوں کو گرفتار کرلیا، تحقیقات کے مطابق ملزمان ریلوے اسٹیشن، مساجد اور اہم تنصیبات پر حملوں کی تیاری کررہے تھے۔  ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کراچی شعیب میمن نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کا تعلق سجاول سے ہے،  ملزمان بھارتی کرنل رنجیت کے ساتھ رابطے میں تھے۔ ایڈیشنل آئی جی پنجاب شہزاد سلطان کا کہنا ہے کہ بھارتی ایجنٹوں کو بہاولپور اور بہاولنگر سے حراست میں لیا گیا، ملزمان سے موبائل فونز اور بھارتی آفیسرز کی آڈیوز بھی پکڑی گئیں۔

ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ شعیب میمن نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ حساس ادارے اور ایس آئی یو نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے 4 ایجنٹوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملزمان کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد بھی ملا ہے، چاروں ملزمان بھارتی خفیہ ایجنسی را کیلئے کام کرتے تھے، گرفتار ملزمان بھارتی فوج کے کرنل رنجیت کے ساتھ رابطے میں تھے۔

شعیب میمن نے بتایا کہ ملزمان کا کام حساس فوجی تنصیبات کی تصاویر، جیو ٹیگ لوکیشن دینا تھا، ملزمان کے فون میں سے بھارتی نمبرز اور پاکستانی حساس تنصیبات کی تصاویر ملی ہیں۔

ایس ایس پی ایس آئی یو کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے کار اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے، چاروں ملزمان کا تعلق ضلع سجاول سے ہے۔

ایڈیشنل آئی جی پنجاب شہزادہ سلطان نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سی ٹی ڈی پنجاب نے اہم آپریشن کیا، سی ٹی ڈی نے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے 6 سہولت کار گرفتار کئے، اس آپریشن کا نام ’’آپریشن یلغار‘‘ رکھا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بہاولپور سے راء کے سہولت کار کو گرفتار کیا، بہاولنگر سے تعلق رکھنے والے 2 بھارتی جاسوس گرفتار کیے، سی ٹی ڈی کی تحقیقات کے مطابق ملزمان بہاولپور میں مسجد، ریلوے اسٹیشن پر حملوں کی تیاری کررہے تھے۔

شہزاد سلطان کا کہنا ہے کہ ملزمان سے 2 بھارتی آفیسرز کی آڈیوز بھی پکڑی گئیں، بھارتی خفیہ ایجنسی کے افسران پاکستان میں تخریب کاری کا منصوبہ بنارہے تھے، بھارتی میجر رویندرا نے سہولت کاروں کو بارڈر کے قریب بلا کر آئی ای ڈیز فراہم کیں، آئی ای ڈیز سے مسجد کو نشانہ بنایا جانا تھا۔

ایڈیشنل آئی جی پنجاب نے کہا کہ بھارتی ایجنسی ایجنٹوں کو کرپٹو کرنسی کے ذریعے فنڈنگ کرتی رہی، برانچ لیس بینکنگ کی مدد سے بھی فنڈنگ کی گئی، میجر رویندرا اور انسپکٹر سنگھ کے نام سے بھارتی آفیسرز کی شناخت ہوئی۔

شہزاد سلطان نے مزید بتایا کہ بطور ریاست اس معاملے کو عالمی سطح پر اٹھائیں گے، میانوالی اور ڈی جی خان پر ہونیوالے حملوں کو افغانستان سے فنڈ کیا جارہا ہے۔

پولیس افسران نے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ٹی ٹی پی کو فنڈنگ کرکے میانوالی اور ڈی جی خان میں دہشتگردی میں ملوث ہے، پنجاب سے پکڑے جانے والے نیٹ ورک کا کراچی سے پکڑے جانے والے نیٹ ورک سے کوئی لنک سامنے نہیں آیا، بھارتی خفیہ ایجنسی را کے پکڑے جانیوالے تمام ایجنٹس پاکستانی شہری ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے