ملک کے مختلف شہروں میں شدید گرمی کے بعد باشوں کا آغاز ہوگیا، بارش اور ہواؤں کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

گجرات اور گردونواح کے بیشترعلاقوں میں موسلادھاربارش ہوئی۔ ملکہ کوہسارمری میں موسلادھار بارش سے گرمی کے ستائے سیاحوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔ کہروڑپکا، دنیاپور اور گردونواح میں ہلکی ہلکی بارش شروع ہوگئی، بارش اورٹھنڈی ہوا چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

میرپورآزاد کشمیر اور گرد ونواح میں تیزآندھی کے ساتھ بارش سے مرجھائے چہرے کھل اٹھے، بارش سے گرمی کی شدت میں کمی ہوگئی۔ راولاکوٹ شہر اور گردونواح میں بھی بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گرد و نواح میں آج مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے جبکہ چند مقامات پر تیز ہواوں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، مانسہرہ میں آندھی اور بارش کا امکان ہے، شانگلہ، کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ میں بھی تیز ہوائیں اور بارش متوقع ہے۔

لاہور اور گردونواح میں مختلف مقامات پر بارش ہوسکتی ہے، مری، گلیات، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم میں بھی بارش کا امکان ہے۔ راولپنڈی، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، گوجرانوالہ میں بھی بارش متوقع ہے۔ میانوالی،  سرگودھا،بھکر، حافظ آباد میں بھی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے جنوبی اور وسطی اضلاع میں گردآلود ہواوں کے ساتھ بارش متوقع ہے، سندھ میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا، بلوچستان میں بھی موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ رات کے وقت موسی خیل، بارکھان، لورالائی اور ژوب میں بارش کا امکان ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے