افغانستان کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ ملک کے مشرقی صوبوں سے سابق حکومت سے تعلق رکھنے والے 15 ہزار سے زائد گاڑیوں، ہتھیاروں اور ساز و سامان کو جمع کیا جاچکا ہے۔
افغان جریدے ’طلوع نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق 201ویں خالد بن ولید کور جانے والے وزارت وفاع کے وفد نے کہا کہ یہ ہتھیار اور سامان گزشتہ 4 ماہ کے دوران ننگرہار، کنڑ، لغمان اور نورستان صوبوں سے حاصل کیے گئے ہیں۔
وزارتِ دفاع کی جانب سے 201ویں کور خالد بن ولید کو بھیجے گئے وفد کے رکن سعیداللہ رضوان نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے ہر وزارت کو جاری کردہ ایک حکم نامے کے مطابق آپ کو چاہیے کہ آپ اپنی کور یا صوبے میں ایک کمیٹی مقرر کریں جو ہر وزارت سے متعلق گاڑیوں کی رجسٹریشن اور انہیں جمع کرنا شروع کرے۔
سعید اللہ رضوان نے کہا کہ مختلف اقسام کے 12 ہزار ہتھیار رجسٹر کیے گئے اور گاڑیوں کا جو اندراج کیا گیا ہے، وہ تقریباً 3 ہزار 500 کی تعداد میں ہیں۔
خالد بن ولید 201ویں کور کے حکام نے مشرقی صوبوں کے رہائشیوں پر زور دیا کہ وہ تمام سرکاری سامان حکام کے حوالے کریں۔
خالد بن ولید کی 201ویں کور کے ترجمان مولوی وحید اللہ نے کہا کہ ہم مجاہدین اور مشرقی زون کے عوام سے مؤدبانہ گزارش کرتے ہیں کہ وہ جو بھی سرکاری املاک رکھتے ہیں، 201ویں خالد بن ولید کور کے حکام کے حوالے کریں۔
حکام کے مطابق، تمام اکٹھا کیا گیا اسلحہ اور سامان خالد بن ولید کی 120ویں کور کے حوالے کر دیا گیا ہے، جو اسے ضرورت پڑنے پر استعمال کرے گی۔