وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کوئٹہ کا دورہ کیا اور اسکول بس پر ہونے والے خودکش حملے میں زخمی بچوں کی عیادت کی۔

ڈان نیوز کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ حملے میں زخمی آٹھ بچوں کی حالت تشویشناک ہے، انہوں نے کہا کہ بھارتی پراکسیز کے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی مذموم کوشش ناکام ہوگی، پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچ و پشتون عوام نے دہشتگردی کو مسترد کر دیا ہے، دہشتگردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑنے کا وقت آ گیا ہے، دہشتگردوں کو جلد انجام تک پہنچایا جائے گا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ بچوں پر حملہ بھارتی سرپرستی میں کیا گیا، بھارت کی ریاستی پالیسی کے تحت پراکسیز کا استعمال قابل مذمت ہے۔

اس موقع پر موجود وفاقی وزرا نے کہا کہ بھارت خطے میں عدم استحکام کا مرکز بن چکا ہے، اور اس کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔

وفاقی وزرا نے کہا کہ دہشتگردی کے سہولت کاروں اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

واضح رہے کہ آج بلوچستان کے ضلع خضدار میں اسکول کے بچوں کو لے کر جانے والی بس پر خودکش حملے کے نتیجے میں 3 طالبات سمیت 5 افراد شہید اور 53 خمی ہوگئے۔

ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) خضدار نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ اسکول بس میں دھماکا خود کش بمبار کی جانب سے خود کو اڑانے کے بعد ہوا جس میں اسکول بس میں سوار 3 بچے شہید ہوئے۔

ذرائع کے مطابق بعض زخمی بچوں کی حالت تشویش ناک ہے، شہید ہونے والی طالبات میں چھٹی جماعت کی ثانیہ سومرو، ساتویں جماعت کی حفظہ کوثر اور دسویں جماعت کی عیشا سلیم شامل ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے