پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ جیسی صورتحال پر بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال کے درمیان آٹو اسمبلرز نے ڈیڑھ سال سے زائد عرصے سے شرح تبادلہ میں استحکام اور شرح سود میں بڑے پیمانے پر کمی کی بدولت پیداواری لاگت میں کمی کے باعث قیمتوں میں ریلیف سے صارفین کو حیران کر دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق لکی موٹر کارپوریشن نے کیا اسپورٹیج ایل ایچ ای وی، ایل ایف ڈبلیو ڈی اور ایل الفا کی قیمتیں ایک کروڑ 28 لاکھ 50 ہزار، ایک کروڑ 18 لاکھ 25 ہزار روپے اور 94 لاکھ 99 ہزار روپے سے کم کرکے بالترتیب ایک کروڑ 9 لاکھ 99 ہزار، 99 لاکھ 99 ہزار اور 84 لاکھ 99 ہزار روپے کردیں، جو ان گاڑیوں کی قیمتوں میں بالترتیب 18 لاکھ 51 ہزار، 18 لاکھ 20 ہزار اور 10 لاکھ روپے کی کمی کو ظاہر کرتی ہیں۔

کمپنی کے سرکلر میں کہا گیا ہے کہ نئی قیمتیں جو عارضی طور پر ایڈجسٹ کی گئی ہیں، ان کا اطلاق یکم مئی سے ہوگا۔

اس کے برعکس پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ (پی ایس ایم سی ایل) جس نے فروری میں مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں ایک لاکھ 20 ہزار روپے تک کا اضافہ کیا تھا، نے متعدد ماڈلز کی قیمتوں میں نیا اضافہ جاری کر دیا۔

کمپنی نے سوزوکی سوئفٹ جی ایل ایم ٹی ماڈل کی نئی قیمتوں کو 43 لاکھ 36 ہزار روپے سے 80 ہزار روپے اضافہ کرتے ہوئے 44 لاکھ 16 ہزار روپے تک مقرر کیا ہے، جس کا اطلاق 26 اپریل سے ہوگا۔

سوزوکی کلٹس وی ایکس آر، وی ایکس ایل اور اے جی ایس ماڈلز کی قیمتوں کو بالترتیب 38 لاکھ 58 ہزار، 42 لاکھ 44 ہزار اور 45 لاکھ 46 ہزار روپے سے بڑھا کر بالترتیب 42 لاکھ 30 ہزار، 43 لاکھ 16 ہزار اور 46 لاکھ 18 ہزار روپے کیا گیا ہے۔

دریں اثنا ٹریکٹر پارٹس بنانے والی معروف کمپنی بولان کاسٹنگ لمیٹڈ نے آرڈرز میں زبردست کمی کا حوالہ دیتے ہوئے 28 اپریل سے 9 مئی تک پیداواری سرگرمیاں عارضی طور پر روک دی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے