کوئٹہ 25 اپریل: کوئٹہ میں مقیم غیر قانونی افغان مہاجرین کے خلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹیننٹ (ر) سعد بن اسد کی زیر صدارت اہم اجلاس
کوئٹہ میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کے انخلا کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹیننٹ (ر) سعد بن اسد کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں شہر میں مقیم غیر قانونی افغان باشندوں کے خلاف ایک جامع اور مربوط آپریشن کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں ایس ایس پی زوہیب محسن، اسسٹنٹ کمشنر سٹی، اسسٹنٹ کمشنر صدر، اسسٹنٹ کمشنر کچلاک، اسسٹنٹ کمشنر سریاب، اور ایس پی صدر شوکت مہمند سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران غیر قانونی افغان مہاجرین کی نشاندہی، انخلا کے طریقہ کار، اور اس حوالے سے حکمت عملی پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے تمام سب ڈویژنز کے اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنے علاقوں میں فوری طور پر کارروائیوں کا آغاز کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
ڈپٹی کمشنر سعد بن اسد نے کہا کہ غیر قانونی افغان مہاجرین کے انخلا کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ کارروائیوں کے دوران تمام متعلقہ ادارے مکمل تعاون کریں گے، جبکہ شہریوں سے بھی درخواست کی جاتی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دورانِ کارروائی انسانی ہمدردی اور احسن رویہ اپنایا جائے تاکہ کسی قسم کی بدامنی یا مسائل جنم نہ لیں۔
ضلعی انتظامیہ نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ غیر قانونی قیام کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس حوالے سے زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کیا جائے گا۔
