ایف بی آر کے گریڈ 1 تا 16 ملازمین کا 140 فیصد الاؤنس کی ادائیگی کا مطالبہ کر دیا مظاہرین کا کہنا تھا کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ قلم چھوڑ ہڑتال پر مجبور ہو جائیں گے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین نے 140 فیصد پرفارمنس الاؤنس کی ادائیگی، اپ گریڈیشن اور منجمد الاؤنس کی بحالی کے مطالبات کے حق میں ملک گیر احتجاج کیا ہے۔ ملازمین نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ قلم چھوڑ ہڑتال پر مجبور ہو جائیں گے۔

ایف بی آر ہیڈکوارٹر اسلام آباد سمیت ملک بھر کے تمام ریجنل ٹیکس آفسز (RTOs) اور لارج ٹیکس پیئر یونٹس (LTUs) کے باہر احتجاجی مظاہرے کیے گئے مظاہرین نے حکومت کی جانب سے غیر مساوی سلوک پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ ایف بی آر ملک کا ریونیو اکٹھا کرنے والا مرکزی ادارہ ہے، جس کی بدولت دیگر وزارتوں اور محکموں کے افسران کی مراعات اور تنخواہوں میں اضافہ کیا جاتا ہے، لیکن خود ایف بی آر کے فیلڈ میں کام کرنے والے نچلے درجے کے ملازمین کو نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔

احتجاجی ملازمین نے بتایا کہ وزیراعظم کے متعارف کردہ نئے پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم میں بھی صرف افسران کو مراعات دی گئی ہیں جبکہ گریڈ 1 سے 16 تک کے اہلکاروں کو اس سے محروم رکھا گیا ہے۔ حالیہ دنوں میں افسران کے لیے 140 فیصد الاؤنس کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا لیکن نچلے درجے کے ملازمین کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا۔

ملازمین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اصل میں ریونیو ٹارگٹ حاصل کرنے کے لیے فیلڈ فورس دن رات محنت کرتی ہے، مگر بجٹ یا ٹارگٹ حاصل ہونے پر اعزازیے کی تقسیم میں بھی افسران کو ہی نوازا جاتا ہے۔

احتجاجی مظاہرین کا یہ بھی کہنا تھا کہ 2015 سے ایف بی آر ملازمین کا الاونس منجمد ہے، جو اب تک بحال نہیں کیا گیا۔ اس کے علاوہ ڈسپیریٹی الاؤنس اور گریڈ 15 تک کے ملازمین کی پوسٹوں کی اپ گریڈیشن کا اطلاق دیگر وزارتوں میں ہو چکا ہے، مگر ایف بی آر کو اس سے بھی محروم رکھا گیا ہے، جسے سراسر ناانصافی قرار دیا جا رہا ہے۔

احتجاج کرنے والے ملازمین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گریڈ 1 سے 16 تک کے ایف بی آر ملازمین کو 140 فیصد الاؤنس دیا جائے2015 سے منجمد الاونس بحال کیا جائےایف بی آر ملازمین کی بھی دیگر محکموں کی طرح اپ گریڈیشن کی جائے۔

مظاہرین نے انتباہ دیا کہ اگر ان مطالبات پر سنجیدگی سے غور نہ کیا گیا تو ایف بی آر کی تمام برانچز میں ملک گیر قلم چھوڑ ہڑتال کی جائے گی، جس کی تیاریاں ملازمین کی تنظیم نے شروع کر دی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے