وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رشتے کے تنازعے پرفائرنگ سے 3افراد جاں بحق جبکہ 3زخمی ہوگئے،افسوسناک واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے ،ریسکیو اہلکاروں نے لاشوں و زخمیوں کو فوری طور پرہسپتال منتقل کر دیا،بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد تھانہ لوئی بھیر کی حدود میں واقع نجی سوسائٹی کے فیز تھری میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں 3افرادموقع پر دم توڑگئے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ رشتے کے تنازع پر پیش آیا۔اس حوالے سے پولیس کا کہناہے کہ فائرنگ 2 گروہوں کے درمیان رشتے کے تنازع پر ہوئی ہے۔پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کر کے مزیدتفتیش شروع کردی ہے۔ نجی سوسائٹی میں فائرنگ کے واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ہے جس میں دیکھا جاسکتاہے کہ مسلح افراد کی جانب سے حملہ کیا گیا جبکہ فوٹیج میں جوابی فائرنگ کرتے ہوئے لوگوں کو دیکھا جاسکتاہے۔

دوسری جانب پنجاب کے علاقے چیچہ وطنی میں زمین کے تنازع پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 بھائی جاں بحق ہو گئے۔ملزمان قتل کرنے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ۔پولیس کا کہنا ہے کہ زمین کے تنازع پر 2 بھائیوں کو قتل کر دیاگیا جبکہ فرار ہونے والے ملزمان میں مقتولین کا چچا اور ایک کزن شامل ہیں۔ملزمان کی گرفتار کیلئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئیں ہیں ۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ڈیرہ اسماعیل خان میں دو گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہو گئے تھے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے تھے جنہوں نے فائرنگ سے زخمی ہونے والے افراد و لاشوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیاتھا۔پولیس کا کہنا تھاکہ دونوں گروپوں کے درمیان وجہ تنازع تاحال معلوم نہیں ہو سکی تھی جبکہ واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی گئیں تھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے