رواں برس حج کے خواہشمندوں کیلئے خوشخبری ہے کہ وفاقی حکومت نے مزید درخواستوں کی وصولی کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ فیصلے کے نتیجے میں سرکاری حج سکیم کے تحت 5 ہزار مزید عازمین فریضہ حج ادا کر سکیں گے، اس مقصد کے لیے حج درخواستوں کی وصولی آئندہ ہفتے شروع کر دی جائے گی۔
بتایا گیا ہے کہ سرکاری حج سکیم کے تحت 81 ہزار 500 حج درخواستیں موصول ہوئیں، اب سکیم کے تحت باقی رہ جانے والے 5 ہزار کے کوٹے پر درخواستیں وصول کی جائیں گی، وزارت مذہبی امور نے نئی حج درخواستوں پر قرعہ اندازی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے بلکہ اس بار پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر کنفرم حج ٹکٹ دیا جائے گا، حج درخواستوں کی وصولی کے لیے پانچ روز مقرر کیے جانے کی تجویز پر غور شروع کردیا گیا۔
بتایا جارہا ہے کہ پرائیویٹ حج آرگنائزرز اور وزارت مذہبی امور كےدرميان معاملات طے پا گئے ہیں جس کے تحت پرائیویٹ ٹور آپریٹرز 10 جنوری سے بکنگ کریں گے، یہ بات چیئرمین علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفى نے اپنے ایک وڈیو بیان میں کہی، حافظ طاہر اشرفی کا یہ بھی کہنا تھا کہ سعودى عرب اور پاكستان كےقوانين پر عمل لازم ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ وزارت مذہبی امور اور پرائیویٹ حج ٹورآپریٹرز کے درمیان اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت وفاقی وزیر مذہبی امور چوہری سالک حسین نے کی، اجلاس میں متحدہ علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی، وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ذوالفقار حیدر سمیت پرائیویٹ ہائی ٹور آپریٹرز کے نمائندوں نے شرکت کی، اجلاس میں طے پایا کہ 10 جنورى سے پرائیویٹ حج گروپ بكنگ شروع كريں گے۔