بیروت: لبنان میں ہونے والے پیجر ڈیوائسز کے دھماکوں میں ایرانی سفیر مجتبیٰ امانی بھی زخمی ہوگئے۔
ایرانی میڈیا کی جانب سے بیروت میں ایرانی سفیر مجتبیٰ امانی بھی زخمی ہوئے ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق مجتبیٰ امانی معمولی زخمی ہیں، انہیں طبی امداد کے لیے بیروت کے اسپتال منتقل کیا گیا ہے جب کہ ایرانی سفارت خانے کے مزید 2 اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔
ایرانی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہےکہ اسرائیل کی جانب سے لبنان اور شام میں بڑا سائبر حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں سیکڑوں پیجر دھماکے سے پھٹ گئے اور سیکڑوں افراد زخمی ہوگئے۔
ایران کی جانب سے فوری طور کسی قسم کا ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق لبنان کے مخلتف علاقوں میں حزب اللہ ارکان کے پیجر میں ایک ساتھ دھماکے ہوئے۔ رابطوں کے لیے محفوظ سمجھی جانے والی پیجر ڈیوائسز میں دھماکوں سے حزب اللہ کے کئی ارکان زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں اور اسپتال زخمیوں سے بھر چکے ہیں، کئی زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
لبنانی وزارت صحت کی جانب سے عوام سے زخمیوں کے لیے خون کے عطیات دینےکی اپیل کی گئی ہے۔
حزب اللہ کے ایک عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر غیر ملکی خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پیجر میں دھماکا ہونا موجودہ جنگ کے دوران سکیورٹی کی بڑی ناکامی ہے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہےکہ حزب اللہ کے ارکان حالیہ ماہ میں لائےگئے پیجرکے نئے ماڈل استعمال کر رہے تھے۔