آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ارشد ندیم نے اپنے عزم و استقامت اور بہترین کارکردگی کے جذبے کے باعث یہ تمغہ جیتا۔ ارشد ندیم کا کارنامہ قومی فخر ہے۔
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے اولمپئن ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی کے اعزاز میں آرمی آڈیٹوریم جی ایچ کیو میں ایک تقریب کی میزبانی کی۔
تقریب میں اسپورٹس ٹیموں اور مشہور اولمپئنز نے شرکت کی، جن میں 1984 کی اولمپک اور قومی ہاکی ٹیمیں، قومی کرکٹ ٹیم، اسٹریٹ فٹ بال ٹیم، آرمی پولو ٹیم، بصارت سے محروم کرکٹ اور خواتین گول بال ٹیمیں، کامن ویلتھ، سیف اور ایشین گیمز کے میڈل جیتنے والے اور پیرس اولمپکس 2024 کے شرکاء شامل تھے۔
اس تقریب میں جہانگیر خان، اصلاح الدین، شہباز سینئر، سہیل عباس، محمد آصف اور اعصام الحق نے بھی شرکت کی، اس تقریب میں ارشد ندیم کے قریبی رشتہ دار، ساتھی اور کوچز بھی موجود تھے۔
چیف آف آرمی اسٹاف نے ارشد ندیم کی پاکستان کے پہلے سنگلز ایونٹ میں گولڈ میڈل جیتنے اور نیا اولمپک ریکارڈ بنانے کی شاندار کامیابی کو سراہا۔
آرمی چیف ںے ان کے عزم، ثابت قدمی اور بہترین کارکردگی کا ثمر قرار دیا۔انہوں نے ارشد ندیم کی متاثر کن جدوجہد کا ذکر کیا جو انہوں نے معمولی آغاز سے کامیابی کی بلندیوں تک پہنچنے کے لیے کی۔