وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ شہدائے پاکستان کے وقار اور ان کے ورثا کے جذبات کا احترام بھی نہیں کیاجا رہا، یہ قابل مذمت اور ناقابل برداشت ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت پارٹی اور حکومتی میڈیا اسٹرٹیجی پر اجلاس ہوا جس میں میڈیا اورحکومت کی ترجمانی کرنے والےپارٹی رہنماؤں اوروزرا نے شرکت کی۔
اجلاس میں حکومت اورپارٹی مؤقف کوبھرپوراجاگر کرنے سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ریاستی، قومی اور عوامی مفادات کے فروغ، دفاع پر بیانیے کی حکمت عملی مرتب کی گئی۔
اجلاس میں شہدائے وطن سے متعلق ایک جماعت سے وابستہ عناصرکی منفی مہم کی مذمت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ قومی وقار اور مفادات کے منافی شرانگیز مہم کا بھرپور جواب دیا جائے اور سوشل میڈیا، ذرائع ابلاغ کےتمام پلیٹ فارم پرمؤثر، جامع اور بروقت ردعمل دیاجائے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وفاق اور چاروں صوبوں سے پارٹی،حکومتی مؤقف کی ترجمانی کیلئے ترجمان مقررکیے جائیں۔
انہوں نے میڈیا میں نمائندگی کی صلاحیت رکھنے والےزیادہ سے زیادہ افرادکوذمہ داریاں دینےکی ہدایت کی۔
اجلاس میں ٹی وی پروگراموں کیلئے سینٹرلائزڈ میکنزم بنانےکا بھی فیصلہ کیا گیا اور بیانیے کی تشکیل، جعلی اور گمراہ کن پروپیگنڈے کے فوری تدارک، حقائق کو فوری اور مؤثر انداز میں عوام تک پہنچانے کیلئے طریقہ کار بھی تیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔