وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت منگل کو یہاں محکمہ صحت کا جائزہ اجلاس چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا اجلاس میں رکن بلوچستان اسمبلی ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، پرنسپل سیکرٹری عمران زرکون، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی عبدالصبور کاکڑ، سیکرٹری خزانہ بابر خان، سیکرٹری صحت عبداللہ خان و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی، اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے ہسپتا لوں میں عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اور وسائل کے ضیاع کو روکنے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے متعلق 30 دن میں جامع ایکشن پلان تشکیل دینے ،تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتا لوں میں دس دن کے اندر سرجنز کی تعیناتی اور تمام ہسپتالوں میں ادویات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی وزیراعلیٰ نے کہا کہ میڈیسن کی خریداری میں کرپشن کی شکایات پائی جاتی ہیں جن کا ازالہ ضروری ہے نئے مالی سال میں یکم جولائی تک ادویات کی خریداری کا ٹینڈر جاری کردیا جائے صوبے کے کسی بھی ضلع میں دورے کے وقت کسی بھی سرکاری ہسپتا ل میں ادویات نہ ہوئیں تو سیکرٹری صحت سے جوابدہی ہوگی وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے لوگوں کی بہتری کیلئے تجویز کردہ اقدامات پر آج ہی سے عمل درآمد شروع کرائیں مفاد عامہ کے امور میں کوئی تاخیر قابل قبول نہیں اب کام کا عملی وقت آگیا ہے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہیلتھ سیکٹر کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے ایک ارب روپے کی پیشگی ادائیگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بل کی ادائیگی کردی گئی لیکن کام نہیں ہوا عوامی وسائل کی لوٹ مار کی ذمہ داری کا تعین کرکے ملوث افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے اور انٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ معاملے کی تحقیقات کرکے ملوث ذمہ داران کو گرفتار کرے وزیراعلیٰ نے کہا کہ عام طور پر دیکھا گیا کہ اندرون بلوچستان بنیادی مراکز صحت کی عمارتیں ذاتی بیٹھکوں کے طور پر استعمال ہوتی ہیں اب غیر ضروری منصوبوں پر مزید عوامی وسائل ضائع نہیں کرسکتے آئندہ ایس این ای کے بغیر کوئی بھی منصوبہ زیر غور نہیں لایا جائے گا طے شدہ کرائیٹیریا پر پورا نہ اترنے والے بنیادی مراکز صحت عوامی وسائل پر بوجھ ہیں ایسے تمام غیر فعال مراکز بند کردئیے جائیں، وزیراعلیٰ بلوچستان نے ہدایت کی کہ ڈسٹرکٹ میرٹ پر منتخب ہونے والے ڈاکٹروں کو ڈیوٹی کے لئے متعلقہ اضلاع بھیجا جائے تاکہ عوام کو مقامی سطح پر صحت کی معیاری سہولیات میسر آسکیں وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں برن یونٹ کو توسیع دیکر تمام طبی سہولیات سے مزین جدید برن سینٹر قائم کیا جائے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت جدید برن سینٹر کے قیام کا جائزہ لیکر رپورٹ پیش کی جائے وزیراعلیٰ نے ہیلتھ کئیر کمیشن ڈرافٹ کی تشکیل اور محکمہ صحت میں نمایاں خدمات کی انجام دہی پر ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کو اعلٰی سول ایوارڈ ستارہ امتیاز کے لئے نامزدگی کا اعلان کیا۔