پاکستان مسلم لیگ ن کے الیکشن پارلیمانی بورڈ کے چیئرمین سینیٹراسحاق ڈار سے پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے مرکزی سینئر رہنما چوہدری نعیم کریم نے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی اور خاص طور پر بلوچستان کے موجودہ سیاسی حالات، سیکورٹی تھریٹس،صوبائی قیادت کی طرف سے پارٹی ٹکٹوں کی غیر منصفانہ تقسیم اور آنے والے الیکشن رزلٹ کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹر اسحاق ڈار نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ کی حکومت آنے کے بعد ہماری اول ترجیح امن و امان کی بحالی ہے اور خاص طور پر بلوچستان کے امن کے لیے ضروری اقدامات اٹھائیں گے بلوچستان کے غیور عوام اسی طرح پاکستانی ہیں جس طرح کوئی دوسرا پاکستانی ہے۔ مسلم لیگ کا پیغام محبت اور بھائی چارے کی فضا کو قائم کرنا ہے بلوچستان کی محرومیوں کو ختم کرنا ہی ہمارا ایجنڈا ہے بلوچستان مستقبل کا پاکستان ہے۔ اس موقع پر انہوں نے چوہدری نعیم کریم اور تمام نظریاتی ساتھیوں کی پارٹی خدمات کو سرہا اور یقین دہا نی کرائی کہ آئندہ بلوچستان میں مسلم لیگ کی فعالی میں ان کی مشاورت کو خاص مقام دیا جائے گا انہوں نے کہا کہ اس وقت بلوچستان کے اندر نظریہ پاکستان کی ترویج وقت کی اہم ضرورت ہے انہوں نے مذیدکہا کہ پاکستان کی اقتصادی بدحالی کی ذمہ دار پی ٹی آئی کی حکومت ہے ہم اقتدار میں آکرپاکستان کو معاشی بدحالی سے نکالنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما چوہدری نعیم کریم نے پارٹی کی مرکزی قیادت بلخصوص میاں محمد نواز شریف، میاں محمد شہباز شریف اور میڈم مریم نواز پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ پارٹی کے نظریاتی ساتھی ہیں اور اپنی 40 سالہ سیاسی زندگی میں ہمیشہ پارٹی ڈسپلن کا خیال رکھا ہے اور کبھی بھی اپنی پارٹی سے ہٹ کر کسی اور پارٹی کا حصہ نہیں بنے، یہ پہلا موقع ہے کہ وہ پارٹی کی ٹکٹ نہ ملنے کی وجہ سے آزاد الیکشن لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں انتخابات کے موقع پر پارٹی کے نظریاتی ساتھیوں کے ساتھ جو زیادتیاں اور نا آنصافیاں ہوئی ہیں مرکزی قیادت آنے والے دنوں میں ضرور اس کا ازالہ کرے گی کیونکہ یہ تمام نظریاتی ساتھی ہی اصل میں پارٹی کا اثاثہ ہیں اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ ہم سب کو مل کر جمہوری انداز میں برابری کی سطح پر بلوچستان کی محرومیوں کو ختم کرنا چاہئیے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی آنےوالی حکومت پاکستان میں بسنے والی عوام کوساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتی ہے اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ کی طرح آج بھی پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں اور پہلے کی طرح آج بھی بلوچستان میں پارٹی کی ساکھ اور عزت کوبچانے میں ہرممکن طور پر مرکزی قیادت اور پارٹی کا ساتھ دیں گے ۔