معروف ڈیجیٹل فنانشل سروسز پلیٹ فارم ایزی پیسہ نے پرانی روایات کو توڑنے اور خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے ایزی پیسہ ایپ میں آڈیو نکاح نامہ کا جدید فیچر متعارف کرادیا جس سے خواتین کو اپنی ازدواجی زندگی کے حقوق تک رسائی حاصل ہو گی۔
پاکستان میں اپنی نوعیت کے اس جدید فیچر کے ذریعے خواتین اپنی زندگی کے اہم ترین فیصلہ کوپڑھ اور سمجھ سکیں گی۔قومی کمیشن برائے وقار نسواں کے مطابق پاکستانی خواتین دو تہائی اکثریت ان پڑھ ہونے کی وجہ سے نکاح نامہ نہیں پڑھ سکتیں جبکہ ایک تہائی خواتین کو نکاح نامہ تک بروقت رسائی حاصل نہیں۔
ایزی پیسہ آڈیو نکاح نامہ نے مفت، آسان اور قابل رسائی سہولت کے ذریعے اس مسئلہ کا حل نکالا ہے۔خواتین مخصوص نمبر(0341-1171222) پر مس کال دے کر ہیلپ لائن یا ایزی پیسہ ایپ ڈاؤن لوڈ کرکے اس آڈیو ٹول تک رسائی حاصل کرسکتی ہیں اور سات مختلف زبانوں میں نکاح نامہ کو سن سکتی ہیں۔
اس کے علاوہ قوت سماعت سے محروم افراد کیلئے ایپ میں اشاروں کی زبان کا بھی آپشن دستیاب ہے۔یہ فیچر خواتین کوان کی سماجی و اقتصادی پس منظر یا ڈیجیٹل تقسیم سے قطع نظر حقوق اور ذمہ داریوں کو سمجھنے کیلئے بااختیار بناتا ہے۔
رفاہ قادری،ہیڈ آف مارکیٹنگ اینڈ کمیونیکیشن، ایزی پیسہ نے اس پیشرفت پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ برسوں سے بے شمار خواتین نے نکاح نامہ کی شرائط کو مکمل طورپر سمجھے بغیر شادیاں کی ہیں،وہ خواتین جو لکھنا پڑھنا نہیں جانتی یا آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے نکاح نامہ کو سمجھ نہیں پاتیں،ایزی پیسہ آڈیو نکاح نامہ کے ساتھ ہم ان رکاوٹوں کو ختم کرتے ہوئے خواتین کو بااختیار بنارہے ہیں تاکہ وہ اپنے مستقبل کے بارے میں بہتر فیصلہ کرسکیں۔یہ اقدام صرف ٹیکنالوجی میں پیش رفت نہیں ہے بلکہ یہ خواتین کو بااختیار بنانے، شفافیت کے فروغ اور مالیاتی استحکام کیلئے ہے جس سے مضبوط خاندان تشکیل پائے۔