چئیرمین نیب نے چھ کرپشن کیسز بند کرنے کی منظوری دے دی ۔تفصیلات کے مطابق چئیرمین نیب کی زیر صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس ہوا ۔ ایگزیکٹو بورڈ نے چھ کرپشن کیسز بند کرنے کی منظوری دے دی ۔سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے خاندان کے خلاف شریف ٹرسٹ کیس میں نیب تحقیقات بند کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
سی ڈی اے افسران کے خلاف پارک انکلیو ہاوسنگ سوسائٹی انکوائری بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ وفاقی حکومت کے افسران کیے خلاف من پسند افراد کو بھرتی کرنے کی انکوائری بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اس کے علاوہ شاہد ملک اور شہباز یاسین ملک کے خلاف بھی انکوائری بند کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔اس کے علاوہ آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان کے خلاف سیف سٹی کرپشن کیس کی انکوائری بھی بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔

شریف ٹرسٹ کیس میں انویسٹی گیشن کی منظوری 31 مارچ 2000ء میں دی گئی تھی۔شریف خاندان پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے خفیہ طور پر شریف ٹرسٹ کیس میں کروڑوں روپے وصول کیے۔ٹرسٹ کے کھاتوں کا آڈٹ نہیں کرایا گیا۔رقوم میں خرد برد کی گئی ہے اور ٹرسٹ کے نام پر بےنامی جائیدادیں بنائی گئیں۔دوسری جانب قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وفاقی وزیر مراد سعید کے خلاف نئی انکوائری شروع کردی۔
ذرائع کے مطابق نیب نے تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مراد سعید کیخلاف نئی انکوائری شروع کردی ہے اور اس حوالے سے نیب نے الیکشن کمیشن کو خط بھی لکھا ہے۔نیب ذرائع کے مطابق مراد سعید مفرور اور کئی مقدمات میں مطلوب ہیں۔واضح رہے کہ عام انتخابات کے لیے مراد سعید نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جسے مسترد کردیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے