ملک بھر میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ، بجلی کی پیداوار 8 ہزار میگاواٹ کی سطح سے بھی نیچے چلی گئی، شارٹ فال تقریباً 7 ہزار میگاواٹ ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں بجلی کی پیداوار کم ترین سطح پر آ گئی جس کے باعث ملک بھر میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈگ شروع ہو گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میں بجلی کی طلب 14ہزار 500 میگاواٹ ہو گئی، مختلف ذرائع سے صرف 7 ہزار 800 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے جبکہ شارٹ فال 6700 میگاواٹ تک پہنچنے سے مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے تک جا پہنچا۔
ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق پن بجلی کی پیداوار میں 80 فیصد تک کمی ہوئی ہے، پن بجلی 10 ہزار میگاواٹ کے بجائے صرف 1200 میگاواٹ پیدا کی جارہی ہے، تربیلا ڈیم سے 330 میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے، منگلا ڈیم سے 250 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔
پاور ڈویژن ذرائع نے بتایا ہے کہ غازی بروتھا اور دیگر پراجیکٹس سے 620 میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے، تھرمل پاور پلانٹس 4 ہزار کے بجائے صرف 1300 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں۔
ذرائع پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ نجی شعبے کے بجلی گھر صرف 5 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں، جامشور ، مظفر گڑھ اور گدو کے متعدد پاور پلانٹس مرمت کے باعث بند پڑے ہیں، بجلی ٹرپنگ سے بچانے کیلئے بلیک سٹارٹ فیسلٹی استعمال کی جا رہی ہے۔ یہاں یہ واضح رہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ اس قدر بدترین ہو چکی کہ ہر گھنٹے بعد 1 گھنٹے کیلئے بجلی جا رہی ہے۔ بجلی کی اس قدر بدترین لوڈ شیڈنگ ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب بجلی کی طلب سال کی کم ترین سطح پر آ جاتی ہے۔ تاہم اس کے باوجود ملک میں اس وقت بجلی کی طلب کے مقابلے میں صرف 50 فیصد بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔