معروف امریکی کمپنی ایپل کے آئی فون 16 کے نئے ماڈل متعارف کرانے میں کم از کم نو ماہ کا عرصہ باقی ہے تاہم اس حوالے سے کچھ معلومات زیرگردش ہیں کہ یہ ماڈلز دیکھنے میں کیسے ہوں گے؟
اطلاعات کے مطابق ایپل کے نئے آئی فونز تو آئندہ سال ستمبر میں متعارف کرائے جائیں گے تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہوا کہ آئی فون 16 سیریز کے ماڈلز دیکھنے میں کیسے ہوں گے؟۔
ملنے والی تازہ معلومات کے مطابق آئی فون 16 بڑی تبدیلیاں لائے گا، جس میں ایپل کو آئی فون 16 پرو کے سائز کو 6.3 انچ تک اور آئی فون 16پرو کے سائز کو 6.9 انچ تک بڑھانے کی توقع ہے، سائز کی تبدیلیاں صرف آئی فون 16 پرو ماڈلز تک محدود ہوں گی، تاہم آئی فون 16 ماڈلز کا سائز آئی فون 15 ماڈلز جیسا ہی رہے گا۔
اس حوالے سے میک ریومرز کی رپورٹ میں آئی فون 16 کے ممکنہ ڈیزائن کے پروٹو ٹائپ خاکے جاری کیے گئے ہیں جس میں بتایا گیا کہ اگلے سال کے بیسک آئی فون ماڈل کے لیے ایپل کی جانب سے بیک ڈیزائن اور بٹنوں میں تبدیلیاں کیے جانے کا امکان ہے۔
اس کے لیے کمپنی کی جانب سے 3 ڈیزائنز پر غور کیا جا رہا ہے جن کے خاکے رپورٹ میں جاری کیے گئے ہیں۔
سبزی مائل پیلے رنگ کے پہلے ڈیزائن میں بیک پر آئی فون ایکس جیسا کیمرا سیٹ اپ نظر آرہا ہے۔
گلابی اور سیاہ رنگ کے ڈیزائنز میں کیمرا سیٹ اپ دیکھنے میں ایک جیسا ہی لگ رہا ہے، مگر تینوں ڈیزائنز میں والیوم کنٹرولز کے ساتھ ساتھ ایکشن بٹن کا اضافہ بھی نظر آرہا ہے۔