پاکستان میں سونے کی قیمت ایک بار پھر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، فی تولہ قیمت میں 5 ہزار روپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔ کراچی صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں ڈالر میں اضافے کے باعث سونے کی قیمت مستحکم نہیں ہورہی اور سونے کی قیمتوں میں اتارچڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے۔ سونے کی فی تولہ قیمت میں 5 ہزار روپے کا اضافہ ہونے سے فی تولہ قیمت سونے کی قیمت بڑھ کر2 لاکھ 14 ہزار 500 روپے ہوگئی ہے۔
اسی طرح 10گرام سونے کی قیمت میں 4 ہزار288 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ جس کے باعث 10 گرام سونے کی قیمت اضافے کے بعد ایک لاکھ 79 ہزار 612 روپے ہو گئی ہے۔ دوسری جانب ڈالر کی قیمت کو ایک بار پھر پر لگ گئے۔ ڈالر کی قیمت میں منگل کے روز بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 2.71 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد ڈالر کی قیمت 287.50 روپے ہو گیا جو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔

اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں 4 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد ایک ڈالر کی قیمت 291 روپے ہو گئی۔ کرنسی مارکیٹ ڈیلروں کے مطابق پاکستان میں سیاسی بحران کے ساتھ آئی ایم ایف پروگرام سے متعلق غیر یقینی صورتحال نے دو دن سے ڈالر کی قیمت میں اضافہ کیا۔دوسری جانب بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں مہنگائی میں اضافے کے تمام ہی ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ادارہ شماریات پاکستان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مارچ 2023 میں ملک میں اشیائے خورد و نوش کی مہنگائی 50 فیصد تک پہنچ گئی، جبکہ مجموعی سالانہ مہنگائی کی شرح 35 فیصد سے زائد رہی، جو ملکی تاریخ میں مہنگائی کی سب سے بلند ترین شرح ہے۔ جبکہ پاکستانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایک سال میں ملک میں مہنگائی کی شرح میں 200 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے