ملک بھر میں ایک مرتبہ پھر فی تولہ سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد قدر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قدر میں ایک امریکی ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا اور نئی قیمت ایک ہزار 970 امریکی ڈالر ہو گئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد،پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، گوجرانوالا، فیصل آباد، راولپنڈی سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت میں 1200 روپے کا بڑا اضافہ دیکھا گیا اور نئی قیمت دو لاکھ نو ہزار 500 روپے ہو گئی ہے۔
فی تولہ سونے کی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں بھی ایک ہزار 28 روپے کی بڑھوتری دیکھی گئی اور نئی قدر 1 لاکھ 79 ہزار 612 روپے ہو گئی ہے۔
اُدھر سونے کی طرح چاندی کی فی تولہ اور دس گرام کی قیمتوں میں بھی 80 روپے اور 59.68 روپے کا اضافہ دیکھا گیا اور قیمتیں بالترتیب 2350 روپے اور 2014 روپے ہو گئی ہے۔