چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ بھارت نے افغانستان میں پیسے دے کر پاکستان میں لوگ قتل کرائے۔ پاکستان آج بھی امن اور بھارت جنگ کی بات کر رہا ہے۔

لندن میں پریس کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے سیز فائر کا مرحلہ شروع کیا، پاکستان اور بھارت کے عوام امن کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں، بھارت کا بیانیہ اور جنگ جھوٹ پر مبنی تھے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ معطل نہیں کرسکتا، سندھ طاس معاہدہ آج بھی اپنی جگہ پرموجود ہے، پانی بند کرنے کی دھمکی عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ پاکستان کہہ چکا ہے پانی بند کرنا اعلان جنگ ہوگا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ دنیا جانتی ہے بھارت نے سکھ رہنماؤں کا قتل کرایا، بھارت نے افغانستان میں پیسے دے کر پاکستان میں لوگ قتل کرائے، مختلف ممالک میں بھارت کی دہشتگردی سامنے آچکی، بھارت بھارت کالعدم بلوچ لبریشن آرمی، مجید بریگیڈ کو فنڈنگ کررہا ہے، پاکستان خود دہشتگردی کاشکار رہا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت مختلف ممالک اور مقبوضہ کشمیر میں دہشتگردی کررہاہے، لاکھوں کی فوج کی موجودگی میں پہلگام واقعہ بھارتی ناکامی ہے۔ امریکی صدرٹرمپ نے بار بار واضح کہا کہ امن ہونا چاہیے، بھارت امریکی صدرکی امن کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کررہا ہے، بھارتی اب خود تسلیم کررہے ہیں کشمیرمتنازع معاملہ ہے۔

سابق وزیرخارجہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے معاملے پر صدر ٹرمپ کے شکرگزار ہیں، بھارت کی تمام سازشیں ناکام ہوں گی،امن قائم کرنے میں کامیاب ہوں گے، مسئلہ کشمیر حل نہ ہونے تک جنگ کا خطرہ موجود رہے گا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ پاکستان نے ایک جنگ جیتی، فیلڈ مارشل قیادت کررہے تھے، فیلڈ مارشل عہدے پر ترقی خدمات کا اعتراف ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے