کراچی کی سیشن عدالت نے ڈیفنس میں نوجوان پر تشدد کرنے والے ملزم سلمان فاروقی سمیت دو ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔
اپنی آبزرویشن میں عدالت نے کہا کہ ملزم سلمان فاروقی کے بااثر ہونے کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، ایسی وجوہات موجود ہیں کہ ملزمان تفتیش پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔
تحریری حکم نامے کے مطابق ملزمان کے وکیل کا مؤقف تھا کہ مقدمے کے اندراج میں دو روز کی تاخیر کی گئی ہے، اسلحے کے زور پر دھمکانے کی ناقابل ضمانت دفعہ غیر ضروری ہے۔ متاثرہ شہری کے وکیل نے ملزمان کی ضمانت کے لیے این او سی پیش کیا۔
وکیل نے کہا کہ متاثرہ شہری نے عدالت میں پیش ہوکر این او سی کی تصدیق کی ہے جس پر سرکاری وکیل نے کہا کہ متاثرہ شہری نے دباؤ کے زیر اثر این او سی پیش کیا ہے، واقعے کو بہت سے لوگوں نے دیکھا ہے، خدشہ ہے کہ ملزم ضمانت حاصل کرکے گواہان پراثرانداز یا شواہد میں ٹیمپرنگ کرسکتا ہے۔
عدالت نے اپنی آبزرویشن میں کہا کہ عدالت کو صرف جرم پر تشویش نہیں بلکہ اس کے پیچھے ذہنیت پر بھی ہے، ویڈیو شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ منظم جارحانہ اقدام تھا۔