خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کی اور اس دوران 14خوارج کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کے دوران جھڑپ میں بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخواج کے 14 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مزید دہشت گردوں کی تلاش کے لیے علاقے میں سینیٹائیزیشن آپریشن جاری، سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔

صدرآئی پی پی اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے شمالی وزیرستان میں بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو سراہا۔ کہا مشکل وقت اور حالت جنگ میں پوری قوم پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وفاقی وزیرعبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ فتنہ الہندوستان کے خلاف جاری کارروائیاں آپریشن بنیان مرصوص کا تسلسل ہیں۔ ان کا مقصد ملک کے اندرونی و بیرونی دشمنوں کو مکمل طور پر نیست و نابود کرنا ہے۔

عبدالعلیم خان نے کہا سرحدوں پر دشمن کو منہ توڑ جواب دینا اور اندرونی سازشوں کو کچلنا سیکیورٹی فورسز کا قابل تحسین کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے اداروں کی پاکستان سے وفاداری ہر قسم کے شک و شبہ سے بالا تر ہے۔ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتی ہے اور ان کے جذبہ حب الوطنی کو سلام پیش کرتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے