وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معاشی میدان میں بھی پاکستان ایک عظیم قوم بن کر ابھرے گی، آج وقت ہے پوری قوم متحد ہے ہمیں ملک کیلئے کڑے فیصلے کرنے ہیں۔
پشاور میں منعقدہ جرگے میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور، فیلڈ مارشل عاصم منیر، گورنر پختونخوا، قبائلی عمائدین اور قبائلی اضلاع کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے شرکت کی۔
جرگے سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھاکہ جرگے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور عمائدین کی بات سنی، خیبرپختونخوا عظیم اور خوبصورت ترین صوبہ ہے، خیبرپختونخوا کے لوگوں کی تاریخ دنیا بھولا نہیں پائے گی یہاں کے لوگوں نے ہمیشہ پاکستان کا پرچم بلند کیا ہے اور پاکستان کی تاریخ میں کے پی عوام کی عظیم قربانیاں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین نے کہا کہ 15 سال ہوگئے این ایف سی ایوارڈ پر نظرثانی کرنا ہوگی، اگست میں این ایف سی سے متعلق پہلی میٹنگ بلائیں گے، 2010 کے این ایف سی ایوارڈ میں پہلی چیز کے پی کیلئے دہشتگردی کے خلاف وسائل ہیں، مختلف ادوار میں 700 ارب روپے خیبرپختونخوا کو دیے گئے، پولیس کیلئے طے فنڈز آج تک جاری ہورہا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھاکہ وزیراعلیٰ علی امین نے دیگر مطالبات بھی کیے ہیں، علی امین گنڈاپور سے کہا ہے کہ یہ معاملات دیکھنے کیلئے کمیٹی بنادوں گا، ہم بیٹھ کر خیبرپختونخوا کے معاملات سنجیدگی سے دیکھیں گے، کمیٹی وزیراعلیٰ، گورنر اور صوبے کے عمائدین کے ساتھ بیٹھ کر بات کرے گی۔