جاپان کے علاقے ہوکائیڈو میں 6.1 شدت کا خوفناک زلزلہ محسوس کیا گیا، تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، سونامی وارننگ بھی جاری نہیں کی گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپان میں 31 مئی کی شام مقامی وقت کے مطابق 5 بج کر37 منٹ پر خوفناک زلزلہ آیا، جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.1 ریکارڈ کی گئی۔
جاپان کی موسمیاتی ایجنسی کی طرف سے جاری کردہ الرٹ کے مطابق زلزلے کا مرکز کوشیرو کے جنوب مشرق میں تھا جب کہ اس کی گہرائی 20 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔
زلزلے کے جھٹکے کوشیرو سٹی، کشیرو ٹاؤن اور شیبیچا ٹاؤن کے علاقوں میں محسوس کی گئی، زلزلے کو زیادہ سے زیادہ اسکیل 7 میں سے 4 کا قرار دیا گیا ہے۔
جاپان براڈکاسٹنگ کارپوریشن (این ایچ کے) کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ زلزلے سے کئی علاقوں میں شدید جھٹکے محسوس کئے گئے، ، تاہم ابھی تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ماہرین نے پہلے ہی جاپان میں ایک بڑے زلزلے کے امکان سے خبردار کیا تھا، جس کے نتیجے میں تباہ کن اثرات مرتب ہونے کے خدشات ہیں۔