وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 52 ہزار لوگوں کو فلسطین میں قتل کر دیا گیا جبکہ غزہ کی گلیوں میں خون بہہ رہا ہے، اس بربریت پر سب کو کھڑا ہونا پڑے گا۔
آذر بائیجان کی یوم آزادی کی مناسبت سے تقریب میں وزیراعظم شہبازشریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم آذربائیجان کے یوم آزادی کو منا رہے ہیں اور اورآج کے دن ہی پاکستان میں یوم تکبیر بھی منایا جا رہا ہے، 28 مئی کو ہی پاکستان ایٹمی قوت بنا تھا جبکہ آج ہی کے دن آذربائیجان کی آرمڈ فورسز نے بہادری سے لڑائی لڑی اور مقبوضہ علاقوں کی آزادی پر آذربائیجانی عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جبکہ ہماری سیاسی سفارتی حمایت آذربائیجان کیلئے ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کچھ ہفتے قبل پاکستان کا مقابلہ بزدل دشمن سے ہوا اور بزدل دشمن معاشی لحاظ سے پاکستان سے 5 گنا بڑا تھا جبکہ دشمن کے پاس جدید ٹیکنالوجی اور جیٹس موجود تھے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پہلگام کا واقعہ ہوا جس میں 26 لوگ ہلاک ہوئے اور یہ افسوسناک واقعہ تھا لیکن بھارت نے اس واقعہ پر جھوٹے الزامات پاکستان پر لگانا شروع کیے اور بھارت نے بتایا کہ پاکستان سو کالڈ پہلگام واقعہ میں ملوث ہے تاہم ہم نے اس واقعہ کی غیر جانبدارانہ بین الاقوامی تحقیقات کی آفر دی لیکن بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا اور بچوں اور عورتوں کو شہید کیا، 55 پاکستانی بھارت کےحملوں میں زخمی ہوئے۔