ملک بھر میں بارشوں کا زبردست سلسلہ شروع ہونے کی پیشن گوئی، ممکنہ غیر معمولی آندھی و طوفان کا الرٹ بھی جاری کر دیا گیا، ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش، ژالہ باری اور آندھی و طوفان والے موسم کے اثر انداز ہونے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں بارشوں کا نیا اور تگڑا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
اس حوالے سے محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق مغربی ہواوں کا سلسلہ ملک میں داخل ہونے والا ہے جس کی وجہ سے 27 سے 31 مئی تک ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور ژالہ باری ہوسکتی ہے۔ 27 سے 31 مئی کے درمیان کشمیر، گلگت، اسلام آباد، مری اور راولپنڈی بارش کا امکان ہے۔ جبکہ پنجاب، خیبرپختونخواہ اور بلوچستان میں گرج چمک اور ژالہ باری متوقع ہے۔
27 سے 30 مئی تک زیریں سندھ میں بارش کا بھی امکان ہے۔27 تا 30 مئی تک بدین، ٹھٹہ، حیدرآباد، عمرکوٹ، تھرپارکر میں گرج چمک متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ژالہ باری اور بارش سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے بھی آندھی اور بارشوں کا الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شہریوں سے التماس ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کر یں۔
آندھی و طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ شہری آسمانی بجلی سے تحفظ کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں۔ عوام الناس بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں۔ پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق 27سے 31مئی کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی، گرد آلود ہوائیں اور بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ 27سے 31مئی کے دوران راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاوالدین، گجرات، جہلم، گجرانوالہ، لاہور، قصور ،سیالکوٹ،نارووال، اوکاڑہ ،فیصل آباد ٹوبہ ٹیک سنگھ جھنگ خوشاب سرگودھا ، میانوالی، ملتان ، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بہاولنگر میں تیز ہواوں کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔