واپڈا نے پاکستانی عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے کہاہے کہ مہمند ڈیم پر ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا گیاہے ، مین ڈیم کی تعمیر شروع کردی گئی ہے ۔
واپڈا کی جانب سے جاری کر دہ اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ مین ڈیم کی تعمیر کے آغاز پر وفاقی وزیر آبی وسائل میاں محمد معین وٹو نے پراجیکٹ کا دورہ کیا جبکہ اس موقع پر چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل(ر)سجاد غنی بھی ہمراہ تھے۔
اعلامیے کے مطابق مین ڈیم کی تعمیر سے قبل ریورڈائی ورشن، ڈیم فاؤنڈیشن سمیت دیگر اہداف پہلےہی حاصل کئے جا چکے ہیں، وفاقی وزیر نے پراجیکٹ کی مختلف سائٹس پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
ترجمان کا کہناتھا کہ 213 میٹر بلند مہمند ڈیم دنیا کا پانچواں بڑا سی ایف آر ڈی ڈیم ہے، مہمند ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت1.29 ملین ایکڑ فٹ ہے، مہمند ڈیم کی بدولت 18ہزار ایکڑ سے زائد نئی اراضی سیراب ہو گی ، پشاور شہر کو یومیہ 300 ملین گیلن پینے کا پانی فراہم ہوگا۔
ترجمان کے مطابق ڈیم کی تکمیل 28-2027 میں شیڈول ہے، منصوبے کی 14 سائٹس پر تعمیراتی کام جاری ہے، مہمند ڈیم ہائیڈروپاورپراجیکٹ سے نیشنل گرڈ کو سالانہ 2ارب 86 کروڑ یونٹ بجلی فراہم ہوگی۔
وفاقی وزیر میاں معین وٹو نے کہا کہ زیر تعمیر منصوبوں کی تکمیل کیلئے کوشاں ہیں ، مہمند ڈیم کی تکمیل سے پانی اور بجلی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملےگی، منصوبوں کی تکمیل کیلئے وزارت آبی وسائل ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔
پراجیکٹ انتظامیہ نے وفاقی وزیر کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ منصوبے کی 14 سائٹس پر تعمیراتی کام جاری ہے، سائٹس میں ڈائی ورشن سسٹم،اِن ٹیک ٹنل، سپل ویز اور پاور ہاؤس شامل ہیں