کوئٹہ: نیو سریاب میں حجام کی دکان پر فائرنگ، پنجاب سے تعلق رکھنے والا دکان کا مالک جاں بحق
صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے نیو سریاب میں فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں حجام کی دکان کے مالک کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے اچانک حجام کی دکان پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دکان کا مالک موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ جاں بحق شخص کی شناخت سیہل کے نام سے ہوئی ہے، جو پنجاب کے شہر رحیم یار خان کا رہائشی بتایا جا رہا ہے۔
واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز اور پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاش کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن بھی زیر غور ہے۔
تاحال فائرنگ کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں، تاہم پولیس مختلف زاویوں سے تفتیش کر رہی ہے۔
