بھارت 24 سے 36 گھنٹے میں فوجی کارروائی کا ارادہ رکھتا ہے،وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا رات گئے ویڈیو پیغام
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مستند انٹیلی جنس اطلاعات ہیں کہ آئندہ 24 سے 36 گھنٹے میں بھارت پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کا ارادہ رکھتاہے، بھارت پہلگام واقعے سے جڑے بے بنیاد اور خودساختہ الزامات کو بنیاد بنا رہا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کسی بھی قسم کی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ خطے میں ممکنہ تباہ کن نتائج کی تمام تر ذمہ داری بھارت پر عائد ہو گی۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان بھارت کا خطےمیں مدعی،منصف اور جلاد کا خودساختہ کردارمسترد کرتا ہے، پاکستان خود دودہائیوں سے دہشتگردی کا شکار رہا ہے، پاکستان دنیا میں کسی بھی شکل میں دہشتگردی کی سخت مذمت کرتا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد پاکستان نے ذمے دار ریاست ہونے کا ثبوت دیا، سچائی کو پتا لگانے، محرکات جاننے کے لیے آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیش کش کی، بد قسمتی سے بھارت نے غیر معقولیت اور تصادم کے راستے پر چلنےکا انتخاب کیا، یہ خطے اور دنیا میں تباہ کن نتائج کو باعث ہوگا، غیرجانبدارانہ تحقیقات سے فرار بذات خود بھارت کے اصل مقاصد کو بےنقاب کرنے کے لیے بڑ ا ثبوت ہے۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے اس طرح کے حملے کرنا بد قسمتی اور افسوس ناک ہے، بھارت کی طرف سے کسی قسم کی فوجی مہم جوئی کا یقینی اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، بین الاقوامی برادری کو سمجھنےکی ضرورت ہے کہ جنگ کے تباہ کن نتائج کی بھارت پر عائد ہوگی، پاکستان قوم اپنی خودمختاری ،علاقائی سالمیت کا ہرقیمت پر دفاع کرےگی
