لاہور میں محفوظ بسنت منانے کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں بسنت کے تہوار کو محفوظ اور منظم انداز میں منانے کے لیے جامع حکمت عملی پر غور کیا گیا اور ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب جلد ہی محفوظ بسنت منانے کا حتمی اعلان کرے گی۔

اجلاس میں ڈور کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے اور پی سی ایس آئی آر لیبارٹری سے منظور شدہ نمونوں کے مطابق ڈور تیار کی جائے گی۔

اس سلسلے میں جون میں ڈور اور پتنگ کی جانچ کے لیے ایک مقام پر ریہرسل بھی منعقد کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق محفوظ بسنت کے لیے اندرون شہر کے علاقوں اور باغات کو استعمال کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محفوظ بسنت کو کامیاب بنانے کے لیے ڈور اور پتنگ فروخت کرنے والوں کی رجسٹریشن لازمی ہوگی جبکہ بسنت کے موقع پر بغیر سیفٹی راڈ والی موٹر سائیکل پر دو روز کے لیے پابندی عائد کی جائے گی۔

ڈھائی تاوا گڈے تک کی ڈور کے استعمال کی اجازت ہوگی جبکہ چرخی پر مکمل پابندی ہوگی اور محفوظ بسنت پورے لاہور میں منانے کی اجازت دی جائے گی۔

غیر ملکی سیاحوں کو مدعو کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کی جائے گی تاکہ تہوار کی عالمی سطح پر پذیرائی بڑھے۔

اجلاس میں ڈی جی والڈ سٹی کامران لاشاری، سی سی پی او لاہور صدیق کمیانہ، کمشنر لاہور زید بن مقصود اور کائٹ فلائینگ ایسوسی ایشن کے عہدیدار شریک تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے