کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں لگژری گاڑی کی ٹکر سے ایک موٹر سائیکل سوار جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا، مشتعل افراد نے گاڑی کو آگ لگادی۔

ڈان نیوز کے مطابق مسکن چورنگی کے قریب تیز رفتار گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری جس سے ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا، زخمی ہونے والے شخص کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جس کے بعد شہری مشتعل ہوگئے اور گاڑی کو آگ لگادی، اس دوران گاڑی کا ٹینک دھماکے سے پھٹ گیا۔

ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا تاہم آتشزدگی کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر جل کر تباہ ہوگئی، پولیس نے ڈرائیور کو موقع پر ہی حراست میں لے لیا۔

دوسری جانب، کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں خاتون سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔

لیاری چاکیواڑہ میں فائرنگ سے 2 نوجوان زخمی ہوئے جن کی شناخت 17 سالہ عبد القدوس اور 25 سالہ سعید شاہ کے نام سے ہوئی۔

ناظم آباد پاپوش نگر قبرستان کے قریب فائرنگ سے خاتون زخمی ہوئیں جب کہ لانڈھی میں بھی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا، تمام زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے