چند روز کی شدید گرمی کے بعد ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران اسلام آباد میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جب کہ پنجاب کے علاقوں مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم اور تلہ گنگ میں بھی بارش ہوسکتی ہے، میانوالی، حافظ آباد، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین اور سرگودھا میں بھی بارش کا امکان ہے۔
بتایا گیا ہے کہ گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور اور شیخوپورہ میں بارش اور ژالہ باری متوقع ہے، اس کے علاوہ فیصل آباد میں بھی گرج چمک کے ساتھ ممکنہ طور پر بارش ہوگی، صوبہ بلوچستان کے اضلاع لسبیلہ، واشک، خضدار اور گردو نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، صوبہ سندھ کے علاقوں سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو اور کشمور میں بارش متوقع ہے تاہم سوبے کے دیگر علاقوں کا موسم گرم اور خشک رہے گا۔
معلوم ہوا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخواہ کے علاقوں چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، شانگلہ اور کوہستان میں بارش ہو سکتی ہے اور بٹ گرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بونیر، باجوڑ اور مہمند میں بارش کا امکان ہے، خیبر، اورکزئی، کُرم، ہری پور، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، کوہاٹ اور بنوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے، وزیرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارش وژالہ باری کا امکان ہے، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔