کوئٹہ میں FIA اور پولیس کی مشترکہ کارروائی سوشل میڈیا پر دہشتگردی کے حمایت یافتہ اکاؤنٹس چلانے والے افراد کے خلاف گھیرا تنگ
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (FIA) کی سائبر کرائم ونگ نے کوئٹہ پولیس کے ہمراہ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں ان افراد کے خلاف چھاپہ مار کارروائیاں شروع کر دی ہیں جو سوشل میڈیا پر دہشتگردی کے حمایت یافتہ اکاؤنٹس چلا رہے تھے یا ان کے لیے سہولت کاری میں ملوث پائے گئے۔
ذرائع کے مطابق، کارروائیاں ان افراد کے خلاف کی جا رہی ہیں جو ریاست مخالف بیانیے، افواج پاکستان کے خلاف پراپیگنڈا، جعلی خبریں اور بی ایل اے سمیت کالعدم تنظیموں کے بیانیے کی تشہیر میں سرگرم تھے۔
یہ کارروائیاں پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (PECA 2016) کے تحت کی جا رہی ہیں، جس میں ڈیجیٹل شواہد کی مدد سے درجنوں مشکوک اکاؤنٹس کی نشاندہی کی گئی ہے۔ بعض اکاؤنٹس سے ریاستی اداروں کو بدنام کرنے، عوام کو اشتعال دلانے، اور سیکیورٹی آپریشنز کو نشانہ بنانے کی سازشیں کی جا رہی تھیں۔
کارروائی کے دوران کئی موبائل فونز، لیپ ٹاپس، ڈیجیٹل ڈیوائسز اور دستاویزات ضبط کر لی گئی ہیں جبکہ کچھ مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ایف آئی اے اور پولیس کی ٹیمیں اس بات کو یقینی بنا رہی ہیں کہ کسی بھی ریاست دشمن سرگرمی کو سوشل میڈیا پر پنپنے نہ دیا جائے اور عوام میں انتشار پھیلانے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، کسی بھی اشتعال انگیز مواد کو شیئر نہ کریں، اور اگر کسی مشکوک سرگرمی کا علم ہو تو فوری طور پر FIA سائبر کرائم ونگ یا قریبی تھانے سے رابطہ کریں۔
ریاست پاکستان کسی کو بھی سوشل میڈیا کو دہشتگردی یا ریاست مخالف ایجنڈے کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے