اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ پاکستان میں خواتین کی تعلیم چیلنج تھا جس سے نمٹنے کے لیے متعدد اقدامات کیے۔
دنیا بھر میں آج خواتین کا عالمی دن منایا جارہا ہے اس دن کی مناسبت سے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے معاشرے میں خواتین کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے پیغامات دیے دیا۔
صدر آصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان خواتین کے حقوق کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، خواتین کو تعلیم، معیشت اور قیادت میں آگے لانا پوری قوم کے فائدے میں ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ خواتین کو اب بھی تشدد اور امتیازی سلوک جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، خواتین کے تحفظ اور معاشی آزادی کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے، کاروباری اور نجی شعبے میں خواتین کو محفوظ ماحول اور مساوی اجرت دی جائے۔
انہوں نےکہا کہ پاکستان نے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے کلیدی اقدامات کیے ہیں، خواتین کے تحفظ کے لیے خصوصی عدالتیں اور ہیلپ لائنز قائم کی گئیں، پاکستان نے سیاست، عدلیہ، قانون نافذ کرنے والے اور دیگر سرکاری اداروں میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ معاشی سرگرمیوں میں خواتین کی شمولیت کے لیے پالیسیوں پر کام جاری ہے، آج کے دن ہر خاتون کو بااختیار بنانے کے عزم کا اعادہ کریں، پاکستان آئینی دفعات، بین الاقوامی معاہدوں کے مطابق خواتین کے حقوق کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا خواتین کا عالمی دن پر پیغام
خواتین کے عالمی دن پر وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کی تعلیم چیلنج تھا، خصوصاً جنوبی پنجاب میں خواتین کی تعلیم کا سنگین مسئلہ تھا، تعلیم کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے متعدد اقدامات کیے۔
انہوں نے کہا خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کام کررہی ہیں اور ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں خواتین کا کردار اہم رہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ خواتین قوم کی معمار ہیں، کسی بھی معاشرے میں خواتین کا کردار اہمیت کا حامل ہے، خواتین نے پاکستان کی ترقی میں ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا، فاطمہ جناح، شہید بینظیربھٹو، عاصمہ جہانگیر، ارفع کریم اور ملالہ یوسفزئی عزم وہمت کی مثال ہیں۔