اسپیس ایکس کا انسانوں کو چاند اور مریخ لے جانے کے لیے تیار کیے جانے والا اسٹار شپ اسپیس کرافٹ رواں برس مسلسل دوسری بار آزمائشی پرواز کے دوران دھماکے سے تباہ ہوگیا۔

ٹیکساس سے لانچ ہونے کے چند منٹوں بعد اسٹار شپ خلا میں دھماکے سے پھٹ گیا جس کے بعد امریکی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی نے فلوریڈا کے کچھ حصوں میں فضائی ٹریفک کو روک دیا۔

سوشل میڈیا پر متعدد ویڈیوز میں دکھایا گیا ہے کہ اسٹار شپ کا ملبہ آگ کے گولوں کی شکل میں جنوبی فلوریڈا اور بہاماس کے تاریک آسمان سے گزر رہا ہے۔

اس سے قبل جنوری میں اسٹار شپ کی 7 ویں پرواز بھی ناکام ثابت ہوئی تھی اور مسلسل ناکامیاں ایلون مسک کی کمپنی کے لیے بڑا دھچکا ہے جو رواں برس خلائی پروگرام کو تیز کرنا چاہتی ہے۔

جنوری میں فیول لائنزاور فیول ٹمپریچر کی وجہ سے اسٹار شپ تباہ ہوا تھا اور نئی پرواز کے لیے اس میں تبدیلیاں کی گئی تھیں۔

دنیا کا سب سے طاقتور راکٹ لانچ کیا گیا تو پہلے مرحلے میں اس کا بوسٹر کامیابی سے واپس کیچ کرلیا گیا مگر چند منٹ بعد خلا میں اسٹار شپ تیزی سے گھومنے لگا اور کمپنی کا اس سے رابطہ ٹوٹ گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے