کوہ دلیل کے مقام پر ٹریفک حادثہ، تین افراد جاں بحق، دو زخمی
پاک ایران آر سی ڈی شاہراہ پر کوہ دلیل کے مقام پر تفتان سے کوئٹہ جانے والی مسافر بس اور پک اپ گاڑی کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق جبکہ بس کا ڈرائیور اور کنڈیکٹر زخمی ہوگئے۔لیویز ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں دو سگے بھائی بھی شامل ہیں، جن کا تعلق نوکنڈی سے بتایا جاتا ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی بی ایچ یو تفتان کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور ضروری کارروائی کے بعد لاشوں کو نوکنڈی روانہ کردیا گیا جبکہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد دالبندین ریفر کردیا گیا۔
