آسٹریلیا میں ای بائیک کی بیٹری دھماکے سے پھٹ گئی جس کے نتیجے میں پاکستانی نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے علاقے گلڈ فورڈ میں پیش آیا جہاں ایک پاکستانی طالب علم 21 سالہ حیدر علی ای بائیک استعمال کرتا تھا جس کے ذریعے وہ روزگار بھی کما رہا تھا تاہم یہی ای بائیک اس کے لیے جان لیوا ثابت ہوئی۔
بتایا گیا ہے کہ ای بائیک کی لیتھیم آئن بیٹری اچانک دھماکے سے پھٹ گئی جس کے نتیجے میں شدید آگ بھڑک اٹھی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور آگ پر قابو پایا لیکن اس دوران حیدرعلی جھلس پر جاں بحق ہوگیا کیوں کہ کمرے میں موجود 5 دیگر افراد آگ سے بچتے ہوئے باہر نکلنے میں کامیاب رہے مگر حیدر علی وہیں پھنس چکا تھا۔
واقعے سے متعلق قریبی رہائشی بروس میکفرسن نے بتایا کہ ہمیں ایک زوردار دھماکے کی آواز سنائی دی، میں باہر آیا تو مکان کی چھت سے دھوئیں کے بادل اٹھ رہے تھے، اس دوران میں نے دیکھا کہ ایک شخص جلتا ہوا باہر کھڑا ہے لیکن کوئی اسے بچا نہیں پایا اور وہ باہر نکلتے ہی چل بسا، جس کی شناخت بعد میں حیدر علی کے نام سے ہوئی۔ پاکستان ایسوسی ایشن آف آسٹریلیا کے صدر حامد سروہا نے اس واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’تمام آسٹریلوی شہریوں کے لیے یہ ایک بڑا انتباہ ہے کہ براہ کرم تمام لوگ غیر معیاری ای بائیکس اور لیتھیم چارجنگ والی اشیاء کے استعمال سے گریز کریں‘، اسی طرح آسٹریلوی حکام نے اس المناک حادثے کے بعد لیتھیم آئن بیٹریوں کے خطرات سے متعلق سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غیر معیاری اور ناقابل اعتبار چارجنگ ڈیوائسز استعمال نہ کریں۔