وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سیاسی جھگڑوں سے نفرت پھیلتی ہے جو ملک کے لیے نقصان دہ ہے، پی ٹی آئی کے دور میں نفرت کا کلچر پروان چڑھا، اسی نفرت کے کلچر نے ملک کو نقصان پہنچایا، باہمی اتفاق و اتحاد سے ہی ملک کو ترقی دی جا سکتی ہے۔ ہم نیوز کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب ملک کی باگ ڈور سنبھالی تو حالات انتہائی مشکل تھے، ملکی معیشت کو ٹھیک کرنے کے لیے دن رات محنت کی ہے، ملکی معیشت کی بہتری کے لیے اب بھی مزید محنت درکار ہے تاہم عوام کو بہتر معیشت کے ثمرات مل رہے ہیں۔
وزیراعظم کہتے ہیں کہ ہم نے سفارشی کلچر کو ختم کرنے کی کوشش کی، مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ پر آ چکی ہے اور آنے والے دنوں میں مہنگائی مزید کم ہو گی، مہنگائی کو کم کرنے میں پوری ٹیم کی کوششیں شامل ہیں، فوج ملکی سلامتی کے لیے جانوں کی قربانیاں دے رہی ہے، سرکاری افسران کو بھی دن رات محنت کرنا ہوگی، ملکی ترقی کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کو خلوص نیت سے کام کرنا ہوگا۔
اسی طرح مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف کا کہنا ہے کہ کرپشن، معاشی تباہی، مہنگائی اور بدتمیزی ’تبدیلی‘ کی سوغاتیں تھیں، بدقسمتی ہے ترقی کرتا ملک پٹری سے اتار دیا گیا، سیاست میں گند ڈال کر اسے تباہ کیا گیا، بدتہزیبی، بدتمیزی، بغض اور انتقام کوسیاست بنادیا گیا، معیشت اور اقدار تباہ کی گئیں ، جمہوریت کی پیٹھ میں خنجر گھونپا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا، ہمارا بیانیہ ملک کی ترقی اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلاکر خوش حال بنانا ہے، جو وعدے کیے تھے اللہ تعالی کے فضل وکرم سے وہ آج عوام کو پورے ہوتے نظر آرہے ہیں، پاکستان ڈیفالٹ کے منہ سے واپس آیا ہے، شہبازشریف کی محنت سے معاشی استحکام واپس آیا ہے، پالیسیوں کے تسلسل سے معاشی ترقی یقینی ہوگی۔