تل ابیب: اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نے کہا ہے کہ اگر حماس نے ہفتے کے روز یرغمالیوں کو رہا نہ کیا تو اسرائیل جنگ بندی ختم کردے گا۔
اسرائیلی سکیورٹی کابینہ کے طویل اجلاس کے بعد جاری کردہ اپنے ویڈیو بیان میں نیتن یاہو نے کہا کہ حماس نے گزشتہ روز یرغمالیوں کی رہائی روکنے کا اعلان کرکے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔
نیتن یاہو نے کہا کہ اگر حماس نے ہفتے کے روز دن 12 بجے تک یرغمالیوں کو رہا نہ کیا تو جنگ بندی ختم کردی جائے گی اور اسرائیلی فوج غزہ پر شدید حملے شروع کردے گی جو حماس کی شکست تک جاری رہیں گے۔
خیال رہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں پر حماس نے گزشتہ روز یرغمالیوں کی رہائی غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔
فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے اپنے بیان میں یرغمالیوں کی رہائی روکنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ گزشتہ 3 ہفتوں کے دوران مزاحمتی گروہوں نے اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی متعدد خلاف ورزیوں کو نوٹ کیا جن میں بے گھر فلسطینیوں کی شمالی غزہ واپسی میں تاخیر کرنا اور ان پر بمباری کرنا بھی شامل تھا۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی کے متعدد علاقوں میں طے شدہ طریقے کے مطابق امداد بھی نہیں پہنچائی گئی جبکہ مزاحمتی گروہوں نے معاہدے کی مکمل پاسداری کی۔