کورنگی میں تیز رفتار ڈمپر کی موٹرسائیکل کو ٹکر، 3 نوجوان جاں بحق، مشتعل افراد نے ڈمپر جلا دیا
کراچی میں ڈمپرز خوف کی علامت بن گئے، کورنگی ابراہیم حیدری سے کراسنگ جاتے ہوئے تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں 3 نوجوان جاں بحق ہوگئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق حادثے کے بعد موقع پر موجود شہری مشتعل ہوگئے، اور ڈمپر کو آگ لگا دی، جاں بحق افراد کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا، جن میں آصف اور امجد جیلانی کی شناخت کرلی گئی، تیسرے متوفی کی شناخت کی کوشش کی جارہی ہے۔
حادثے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، اور مشتعل افراد کو موقع سے ہٹانے کی کوشش کی، ڈمپر کا ڈرائیور فرار ہوگیا، جس کی تلاش شروع کر دی گئی ہے، پولیس نے ڈمپر میں لگی آگ بجھانے کے لیے فائربریگیڈ کو بھی طلب کرلیا۔
واضح رہے کہ حالیہ کچھ عرصے سے کراچی میں تیز رفتار ڈمپرز اور واٹر ٹینکرز کی وجہ سے موٹرسائیکل سواروں اور کار سوار شہریوں کو کچلنے کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے