چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دعائیہ ناشتے کی تقریب میں شرکت کی ہے۔
ذرائع پیپلز پارٹی کے مطابق واشنگٹن میں بلاول بھٹو زرداری امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دیے گئے ناشتے میں شریک ہوئے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت نے پاکستان کے 2 اہم ترین سفارتی محاذ سنبھال لیے ہیں۔صدر زرداری نے چینی ہم منصب سے ملاقات کی تو بلاول بھٹو امریکی صدر کے ناشتے میں شریک ہوئے۔
یاد رہے کہ امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو دعوت نامہ موصول ہونے کی متضاد خبریں سامنے آئی تھیں۔
تاہم ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں بلاول بھٹو زرداری کہیں نظر نہیں آئے تھے۔
بعد ازاں چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دعائیہ ناشتے کی تقریب میں شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری 5 روزہ دورے پر چین میں ہیں۔ جہاں بدھ کو ان کی چینی ہم منصب سے ملاقات ہوئی۔