وفاقی حکومت نے وزیراعظم رمضان پیکیج ملک بھر کے مستحق افراد میں نقد کی صورت میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کرلیا، فیصلے پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ساتھ مل کر عملدرآمد کیا جائے گا۔ بزنس ریکارڈر نے ذرائع کے حوالے سے رپورت کیا کہ حکومت نے وزارت صنعت و پیداوار کی زیر نگرانی انٹر منسٹریل کمیٹی تشکیل دی ہے جو یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے آپریشنز کو بند کرنے اور اس کی نجکاری کیلئے حکمت عملی مرتب کرے گی۔
بتایا گیا ہے کہ اس کمیٹی کا متعدد وفاقی وزراء اور حکام حصہ ہیں جن میں وزارت صنعت و پیداوار کے وزیر، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر اہم حکام شامل ہیں، کمیٹی نے اپنی سفارشات مکمل کر لی ہیں، جس کی بنیادی ذمہ داری یہ ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے آپریشنز کی فوری بندش کے لیے عملی طریقہ کار تیار کیا جائے اور ان کے مستقل ملازمین کو وفاقی حکومت کے دیگر اداروں میں متبادل یا موجودہ خالی آسامیوں پر فٹ کیا جائے۔
کمیٹی کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بی آئی ایس پی کے ساتھ مل کر وزیراعظم کے رمضان پیکیج کی فراہمی کیلئے حکمت عملی تیار کرے جس کے بعد کمیٹی نے وزیراعظم کے رمضان پیکیج کی فراہمی کیلئے ایک حکمت عملی تیار کی ہے تاکہ مستحق افراد کو اس پیکیج کا فائدہ پہنچ سکے، کمیٹی نے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے اثاثوں اور جائیداد کو محفوظ بنانے اور اس کی نجکاری کے عمل کے دوران دیگر انتظامات کے بارے میں بھی فیصلہ کیا۔