امریکا میں مسافر طیارے سے فوجی طیارہ ٹکرانے کے واقعہ میں جاں بحق افراد میں پاکستانی خاتون بھی شامل ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکن ایئرلائنز کی پرواز 5342 واشنگٹن ڈی سی میں بلیک ہاک ہیلی کاپٹرکے ساتھ ٹکرا کر حادثہ کا شکار ہوئی تھی۔ایک پاکستانی خاتون مسافر بھی طیارہ حادثے میں جاں بحق ہوگئی ہے، خاتون کا نام اسری حسین ہے۔
اُن کے شوہر حماد رضا ریگن ایئرپورٹ پر اپنی اہلیہ کو خوش آمدید کہنے کے لیے موجود تھے کہ ایئرپورٹ پر اچانک ہونے والی افراتفری سے بے چینی پھیل گئی۔ ریسکیو ٹیموں اور ایمبولینسوں کی آمد و رفت سے وہاں موجود افراد بے چینی میں مبتلا ہوگئے۔ ہم سب کی پریشانی بڑھتی جا رہی تھی۔
حماد رضا کے بقول بار بار پوچھے جانے پر جب ایئرپورٹ انتظامیہ نے طیارہ حادثے سے متعلق بتایا تو میرے پاؤں تلے زمین نکل گئی۔
حماد رضا نے میڈیا کو مزید بتایا کہ ان اہلیہ نے طیارے کی لینڈنگ سے پندرہ یا بیس منٹ منٹ قبل ہی میسیج کیا تھا کہ ہم ایئرپورٹ پر اترنے والے ہیں۔ اسریٰ حسین واشنگٹن سے ڈومیسٹک پرواز کے ذریعے کینساس کے شہر ویچیٹا کسی کام سے گئی تھیں اور واپس لوٹ رہی تھیں کہ حادثے کا شکار ہوگئیں۔ شوہر حامد رضا نے بتایا کہ ان کی اہلیہ ہوائی جہاز کے سفر سے گھبراتی تھیں اور کوشش کرتی تھیں کہ فضائی سفر نہ کریں۔ مقامی میڈیا کے مطابق 26 سالہ اسریٰ حسین اور 25 سالہ حماد رضا کی شادی دو برس قبل ہی ہوئی تھی دونوں نے انڈیانا یونی ورسٹی سے گریجویشن کیا تھا۔ حماد رضا کے والد ڈاکٹر ہاشم رضا کا تعلق کراچی سے ہے اور وہ میزوری کے بیپٹیسٹ میڈیکل سینٹر میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔