تبت: زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد 126 سے تجاوز کر گئی، پانچ سو سے زائد آفٹر شاکس ریکارڈ کیے گئے
مغربی چین کے بلند، منجمد اور خود مختار علاقے تبت میں منگل کو آنے والے طاقتور زلزلے میں مزید بچ جانے والوں کی تلاش کا کام بُدھ کو بھی جاری رہا۔ امدادی کارکن تبتی بُدھوں کے ایک مقدس شہر میں شدید زلزلے کے متاثرین کو خیمے فراہم کر رہے ہیں۔
منگل کی شام تک کے ملنے والے تصدیق شدہ اعداد و شمار کے مطابق اس زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 126 افراد لقمہ اجل بننے کے ساتھ ساتھ 188 شدید زخمی ہوئے ہیں جبکہ ہزاروں مکانات منہدم ہو چُکے ہیں۔
شدید سردی اور قریب 4200 میٹر کی بلندی پر واقع اس مقام پر رات بسر کرنے والوں کو خیمے، لحاف اور دیگر امدادی سامان پہنچایا جا رہا ہے۔
اس زلزلے کے بعد چین کے اس علاقے میں 500 سے زائد آفٹر شاکس ریکارڈ کیے گئے۔ زلزلہ ماؤنٹ ایورسٹ سے تقریباً 75 کلومیٹر کے فاصلے پر بھی محسوس کیا گیا اور نیپال سے متصل سرحدی علاقے کو بھی زلزلے کے جھٹکوں نے اپنی لپیٹ میں لیا۔
زلزلے کی وجہ سے متاثرہ علاقے کے رہائشیوں نے خوف کے مارے اپنے گھروں کو چھوڑ دیا اور باہر کھلے میدان میں پناہ لینے پر مجبور ہوئے۔
امریکی جیولوجیکل سروے نے زلزلے کی شدت 7.1 بتائی جبکہ چین کے زلزلہ پیما مرکز میں 6.8 شدت ریکارڈ کی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے