وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام عالم کی جانب سے اسرائیل کا سخت احتساب نہ ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی اور مقبوضہ علاقوں میں مصیبت زدہ فلسطینی عوام کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی بلا روک ٹوک فراہمی کے مطالبے کا اعادہ کیا۔
جمعرات کو وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں فلسطین کے سفیر ڈاکٹر زبیر محمد حمد اللہ زید نے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔
فلسطینی سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت، آزادی اور انصاف کے حصول کے لیے ان کی منصفانہ جدوجہد کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے اقوام عالم کی جانب سے اسرائیل کا سخت احتساب نہ ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی اور مقبوضہ علاقوں میں مصیبت زدہ فلسطینی عوام کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی بلا روک ٹوک فراہمی کے مطالبے کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے فلسطینی سفیر کو یقین دلایا کہ پوری پاکستانی قوم بہادر فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی ہر ممکن حمایت جاری رکھے گی۔
دوسری جانب فلسطینی سفیر ڈاکٹر زبیر محمد حمد اللہ زید نے فلسطین کے عوام کی موجودہ مشکلات میں پاکستان کی ثابت قدم حمایت کے ساتھ ساتھ مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے اصولی مؤقف کو سراہا۔